ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ضلع شمالی کینرا میں ایس ایس ایل سی امتحان کی تیاریاں مکمل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کا بیان

ضلع شمالی کینرا میں ایس ایس ایل سی امتحان کی تیاریاں مکمل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کا بیان

Tue, 23 Jun 2020 21:09:38    S.O. News Service

کاروار 23/جون (ایس او نیوز) 25جون سے 3جولائی تک  ہونے والے ایس ایس ایل سی امتحانات کی تیاریوں کے سلسلے میں وزیر تعلیم ایس سریش کمار کی طرف سے منعقدہ جائزاتی ویڈیو کانفرنس میٹنگ میں ضلع شمالی کینرا کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار نے بتایاکہ امتحان کے لئے ضروری تمام کارروائیاں مکمل کی گئی ہیں۔اور اس بات کا پورا خیال رکھا گیا ہے کہ طالب علموں کو کسی بھی قسم کی دشواری نہ ہونے پائے۔

 وزیرتعلیم نے ویڈیو کانفرنس میٹنگ میں ریاست کے تمام ڈپٹی کمشنروں سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ طلبہ کو امتحانات کی  تمام ضروری سہولیات مہیا کروائی جائیں، اور کسی قسم کی چوک اور کوتاہی نہ ہونے پائے۔ اس کے علاوہ طلبہ کی صحت کی نقطہ نظر سے تمام احتیاطی تدابیر اختیارکی جائیں۔ہر طالب علم کے جسم کی حرارت تھرمل اسکریننگ کے ذریعے جانچ کی جائے۔ ماسک لگانے کو یقینی بنائیں اور اگر طالب علم بغیر ماسک کے پہنچ جاتے ہیں تو انہیں امتحانی مرکز کے نگران کی طرف سے ماسک فراہم کیاجائے۔

 اس کے جواب میں ضلع شمالی کینرا کی صورتحال بیان کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ”پی یو سی سال دوم کے امتحان کے موقع پر ہی بارش شروع ہوگئی اور طلبہ کے لئے وقتی طورپر کچھ مشکل پیش آئی مگر مجموعی طورپر پوی کامیابی کے ساتھ امتحان منعقد کیا گیا۔ بالکل اسی طرح ایس ایس ایل سی کے امتحانات کے لئے بھی تیاریاں کی گئی ہیں۔“

 ڈی سی نے بتایا کہ ”کاروا تعلیمی ضلع میں 35+5 اور سرسی تعلیمی ضلع میں 35امتحانی مراکزہیں۔ ان 75مراکز کے علاوہ گوا میں 54طالب علم ایس ایس ایل سی کا امتحان دینے والے ہیں۔گواکے کنٹینمنٹ علاقے میں 6طلبہ امتحان دیں گے اور ان کے لئے علاحدہ امتحانی مرکز کا انتظام کردیا گیاہے، اور بقیہ 48 طلبہ کے لئے ایک اور مرکز بنایا گیا ہے۔ ان طلبہ کے لئے کرناٹکا کی سرحد تک سوالات کا پرچہ پہنچانے اور امتحان ختم ہونے تک اسے سرحد تک واپس لاکر دینے کے لئے افسران کو ہدایت دی گئی ہے۔امتحانات منعقد کرنے کے لئے دو افسروں کو تعینات کردیاگیا ہے۔“

ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ شیواپرکاش دیوراج نے بتایا کہ امتحانا ت کے پس منظر میں دفعہ 144کے تحت امتناعی احکامات لاگو کیے گئے ہیں۔ آپسی دوری قائم رکھتے ہوئے امتحان دینے کے لئے تمام انتظامات کیے جائیں گے۔امتحانی مراکز تک غیر متعلقہ افراد کو آنے سے روکنے کے لئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ 

 اس موقع پر ضلع پنچایت سی ای او محمد روشن، ڈی ایچ او ڈاکٹر شرد نائک، ڈی ڈی پی آئی دیواکر شیٹی، ہریش گاؤنکر، بلاک ایجو کیشن آفیسر شانتیش نائیک، شاملا نائیک، آر ایل بھٹ،ایس ایم ہیگڈے اور پولیس محکمہ کے اہلکار موجود تھے۔


Share: